بنگلورو27اپریل(ایس او نیوز) صدر کانگریس راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام لگایا ہے کہ وہ ریاست کرناٹک میں بی جے پی کو اقتدار پر لانے کے لئے عوام پر لیٹروں کو مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مودی کا یہ اقدام کرناٹک کے عوام کی توہین کے مترادف ہے، کیونکہ بی جے پی کو دوبارہ اقتدار پر لانے وہی رہنما دوبارہ متحرک ہوچکے ہیں جو پانچ سال پہلے ریاست کو لوٹ کر تباہی کے دہانے پر پہنچا چکے تھے۔مودی ان آٹھ لوگوں کو بڑھاوا دے رہے ہیں جو مختلف کرپشن اور بدعنوانیوں کے معاملوں میں جیل جاچکے ہیں۔ ان لوگوں کو مودی جیل سے ودھان سودھا میں پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ مودی کی یہ حرکت کرناٹک کے ہر دیانتدار شہری کی توہین ہے۔ٹیوٹر پر کی گئی تنقید میں راہل گاندھی نے کہاکہ عہدۂ وزیر اعلیٰ کے دعویدار یڈیورپا سے لے کر بلاری کے ریڈی برادران اور دیگر بی جے پی امیدوار جن پر کرپشن اور ریاست میں کھلی لوٹ مچانے کے الزامات ہیں وہ اب کرناٹک میں اقتدار کی دعویداری پر اتر آئے ہیں۔ان لوگوں نے کرناٹک کی شبیہہ کو داغدار کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ہے۔